بلوچستان میں انتظامی تبدیلیوں کے اہم فیصلے

بلوچستان میں نئے ڈویژنز کے قیام اور اضلاع کی ازسرِنو ترتیب کے فیصلے کیے گئے ہیں تاکہ انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بلوچستان میں انتظامی تبدیلیوں کے اہم فیصلے

کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان میں انتظامی بنیادوں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مختلف اضلاع اور ڈویژنز کی ازسرِنو ترتیب کی جائے گی، نئے ڈویژنز قائم کیے جائیں گے اور بعض اضلاع کو ختم کرکے پرانے اضلاع میں ضم کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

نئے کوہ سلیمان ڈویژن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کوہلو، بارکھان، قادر بگٹی آباد اور ڈیرہ بگٹی پر مشتمل ہوگا۔ اس کا مقصد علاقے میں انتظامی امور کو بہتر بنانا اور سہولیات کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔

حکومت نے قلات ڈویژن کو دو حصوں میں تقسیم کرکے بیلا ڈویژن کے قیام کی منظوری دی ہے۔ پشین میں بھی ایک نیا ضلع بنایا جائے گا۔ چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین کو ملا کر نیا ڈویژن قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

جھل مگسی اور بولان اضلاع کو نصیر آباد سے نکال کر سبی ڈویژن میں شامل کیا جائے گا، جبکہ زیارت کو لورالائی ڈویژن میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ شیرانی اور سوراب اضلاع کو ان کے پرانے اضلاع میں ضم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تمام تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان پر آخری منظوری دی جائے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں