صدر ٹرمپ نے نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ناراضگی ظاہر کی اور گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول کا مطالبہ دہرایا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نوبیل امن انعام نہ ملنے کے بعد وہ خود کو صرف امن کے بارے میں سوچنے کا پابند نہیں سمجھتے۔ انہوں نے یہ بات ناروے کے وزیرِ اعظم یوناس گار اسٹورے کو لکھے گئے ایک خط میں کہی۔
صدر ٹرمپ نے خط میں گرین لینڈ پر مکمل امریکی کنٹرول کے مطالبے کو بھی دہرایا اور کہا کہ عالمی سلامتی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک امریکا کو گرین لینڈ پر مکمل اختیار حاصل نہ ہو۔ انہوں نے خط میں لکھا کہ آٹھ جنگیں رکوائیں لیکن نوبیل امن انعام نہ دیا جانا مایوس کن ہے۔
ٹرمپ نے ڈنمارک پر بھی تنقید کی اور سوال اٹھایا کہ وہ گرین لینڈ کو روس یا چین سے کیسے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ پر ڈنمارک کے ملکیتی حق کے واضح شواہد موجود نہیں۔
ناروے کے وزیرِ اعظم یوناس گار اسٹورے نے جواب میں کہا کہ نوبیل امن انعام کا فیصلہ ناروے کی حکومت نہیں بلکہ ایک آزاد نوبیل کمیٹی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی گرین لینڈ خریدنے کے خواہاں رہے ہیں۔












