وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ گل پلازہ کے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی خاندان ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی خاندان ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے، اور امداد کی فراہمی کل سے شروع ہوگی۔
حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 65 لاپتہ ہوئے جبکہ 22 زخمی ہیں۔ مراد علی شاہ کے مطابق، آگ دکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گل پلازہ کی عمارت کا 40 فیصد حصہ تباہ ہو چکا ہے اور ممکن ہے کہ اسے گرانا پڑے۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں فائر بریگیڈ کی 26 گاڑیاں اور 100 فائرفائٹرز شامل تھے، جن میں سے ایک فائرفائٹر فرقان شہید ہوگئے۔
کمشنر کراچی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، جبکہ لاہور کی فرانزک لیب سے بھی مدد لی جائے گی۔ متاثرہ تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔














