بجلی صارفین کو 27 روپے فی یونٹ تک ٹیکسز ادا کرنے پڑ رہے ہیں، فیول چارجز اس کے علاوہ ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بجلی کے بلوں میں صارفین کو بجلی کی اصل قیمت سے زیادہ ٹیکسز ادا کرنے پڑ رہے ہیں، جس میں 27 روپے فی یونٹ تک کی رقم شامل ہے۔ فیول چارجز اس کے علاوہ ہیں۔
صارفین کو بجلی کی لاگت کے علاوہ مختلف ٹیکسز جیسے جی ایس ٹی، انکم ٹیکس، ایڈوانس ٹیکس، اضافی سیلز ٹیکس اور کمرشل صارفین کے لیے ایکسٹرا سیلز ٹیکس بھی ادا کرنا پڑتا ہے، جو سالانہ 900 ارب روپے کے برابر ہیں۔
دستاویزات کے مطابق، صارفین بجلی پر تقریباً 8 روپے ٹیکس، 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ گردشی قرض سرچارج اور 15 روپے 69 پیسے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں ادا کر رہے ہیں۔
نیپرا کے مطابق، رواں سال صارفین 233 ارب روپے گردشی قرض سرچارج ادا کر چکے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں صارفین کو 1946 ارب روپے مزید ادا کرنا ہوں گے۔















