سال 2026 کے لیے وفاقی حکومت نے 11 عام اور 23 آپشنل چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، جس میں قومی و مذہبی تعطیلات شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے سال 2026 کے لیے عوامی و اختیاری چھٹیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس سال مجموعی طور پر 11 عام تعطیلات اور 23 اختیاری چھٹیاں ہوں گی۔ یکم جنوری، 18 فروری اور یکم جولائی کو بینکس بند رہیں گے، جبکہ 5 فروری کو کشمیر ڈے اور 23 مارچ کو پاکستان ڈے کی چھٹی ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات 21، 22، 23 اپریل کو ہوں گی، یکم مئی کو لیبر ڈے اور 28 مئی کو یوم تکبیر پر بھی تعطیل ہوگی۔ عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں 27، 28، 29 مئی کو ہوں گی۔
رواں سال 24 اور 25 جون کو نو اور 10 محرم جبکہ 14 اگست کو یوم آزادی کی چھٹی ہو گی، 25 اگست کو عید میلاد النبیﷺ اور 9 نومبر کو اقبال ڈے منایا جائے گا۔ 25 دسمبر کو قائد اعظم ڈے پر عام تعطیل ہوگی جبکہ مسیحی برادری کے لیے 26 دسمبر کی چھٹی بھی شامل ہے۔














