پیٹرول پمپس میں اسمگلنگ روکنے کیلئے نیا نظام متعارف

حکومت نے پیٹرول پمپس میں اسمگلنگ روکنے کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کر دیا۔ قانونی فیول پمپس کی معلومات کیلئے راہگزر ایپ بھی لانچ کی گئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پیٹرول پمپس میں اسمگلنگ روکنے کیلئے نیا نظام متعارف

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت نے پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کروا دیا ہے تاکہ پیٹرول پمپس اور فیول سپلائی چین میں اسمگلنگ روکی جا سکے۔ قانونی پیٹرول پمپس کی معلومات کیلئے راہگزر موبائل ایپ بھی لانچ کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق صارفین موبائل ایپ کے ذریعے مستند فیول پمپس کی شناخت کر سکیں گے۔ آئل ٹینکرز کی نگرانی کیلئے اوگرا اور پی آئی ٹی بی کا مشترکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کر لیا گیا ہے، جو فیول ٹینکرز، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک مربوط نظام سے منسلک کرے گا۔ پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزل نصب کیے جائیں گے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی جی پی سی تیل و گیس بلاکس کی شفاف بولی کیلئے نیا آن لائن پورٹل متعارف کروائے گا، جو بولی کے عمل کو ڈیجیٹل بنا دے گا۔ دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کیلئے ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ سپلائی چین کی ریئل ٹائم نگرانی کے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔

پیٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی غیرقانونی ترسیل پر بھاری جرمانے اور ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔ گیس سیکٹر میں طلب و رسد، قیمتوں اور سرکلر ڈیٹ کی شفاف رپورٹنگ کا نظام بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں