پی ٹی آئی کی جوڈیشل کمیشن میں شرکت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر منحصر ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے بعد سے کمیشن کی حیثیت تبدیل ہوچکی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی ٹی آئی کے چئیرمین نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کر دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن اسپیکر قومی اسمبلی کا صوابدید ہے اور انہوں نے اس پر عمل کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لیے ہماری کوششیں جاری تھیں اور ہم اسپیکر قومی اسمبلی کے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج یا کل میں سینٹ کے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ملنے کی امید ہے۔
پی ٹی آئی ممبران جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے کیونکہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے بعد کمیشن کی حیثیت تبدیل ہوئی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم پر شدید تحفظات کے باعث وہ پہلے بھی اجلاسوں میں شرکت نہیں کرنا چاہتے تھے، لیکن چاہتے تھے کہ وہ اس عمل کا حصہ رہیں تاکہ اپنا موقف پیش کرسکیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی جوڈیشل کمیشن میں شرکت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔














