اسپین میں دو ٹرینوں کے خوفناک تصادم میں 21 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
میڈرڈ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسپین کے جنوبی علاقے میں ایک تیز رفتار مسافر ٹرین پٹری سے بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں ٹرینیں الٹ گئیں۔ اس شدید تصادم میں 21 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں سے 21 کی حالت نازک ہے۔
حادثے میں میڈرڈ سے ہیولوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی جانبر نہ ہو سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ایک ٹرین میں 300 سے زائد جبکہ دوسری ٹرین میں تقریباً 100 مسافر موجود تھے۔
حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔













