سویڈن کی تحقیق کے مطابق 35 سال کی عمر کے بعد جسمانی فٹنس میں کمی آنا شروع ہوتی ہے، تاہم ورزش کے معمول سے اس عمل کو سست کیا جا سکتا ہے۔
سٹاک ہوم: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سویڈن کے کیرولینیسکا انسٹیٹیوٹ کی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ 35 سال کی عمر کے بعد جسمانی فٹنس میں کمی شروع ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں شامل افراد کی مانیٹرنگ 47 سال تک کی گئی تاکہ ان کی جسمانی مضبوطی، فٹنس اور مسلز کے حجم کا تعین کیا جا سکے۔
تحقیق کے مطابق 35 سال بعد جسمانی تنزلی کا عمل بتدریج جاری رہتا ہے، لیکن اگر کوئی فرد ورزش کرتا ہے تو یہ عمل سست ہو جاتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنا کر فٹنس کی تنزلی کا عمل سست کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دماغی صحت پر بھی جسمانی سرگرمیوں کا مثبت اثر ہوتا ہے۔ جرنل Cachexia, Sarcopenia and Muscle میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں محققین نے مستقبل میں مزید تحقیق جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ جسمانی کارکردگی میں تبدیلیوں کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔















