وزیر توانائی اویس لغاری نے نیپرا کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اووربلنگ کے نقصانات پر 17 فیصد قابو پالیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیپرا کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اووربلنگ کے نقصانات پر 17 فیصد قابو پالیا گیا ہے، جبکہ اضافی بجلی خریدنے سے صارفین پر 17 ارب ڈالر کا بوجھ پڑتا۔
اویس لغاری نے بتایا کہ نیپرا کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ جون 2025 کی ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ جون میں ہی جاری کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 ماہ پہلے کے اعداد و شمار سے کنفیوژن ہوتی ہے۔ نیپرا کے مطابق 8,700 میگاواٹ بجلی سرپلس ہے، تاہم ہم نے اینڈ پے والے پلانٹس اور آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے کچھ کو بند کیا اور اربوں روپے کا بوجھ کم کیا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ مستقبل کی سرپلس پاور کی فضول خرچی کو کم کیا گیا ہے اور 7,967 میگاواٹ کے منصوبے ختم کر دیے گئے ہیں۔ میٹر ریڈنگ کا اختیار عوام کو دے دیا گیا ہے اور 40 ارب روپے سے زائد اووربلنگ کی رقم صارفین کو واپس کی جا چکی ہے۔
اویس لغاری نے گردشی قرض میں کمی کے حوالے سے کہا کہ 183 ارب کی مد میں اضافی ریکوریز کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ میں ناکافی اعداد و شمار کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، جبکہ اصلاحات کے ذریعے 300 ارب کا بوجھ کم کیا گیا ہے۔














