پاکستان میں اردو زبان کا مصنوعی ذہانت ماڈل ‘قلب’ لانچ

پاکستانی طالبعلم تیمور حسن کی قیادت میں اردو زبان کا مصنوعی ذہانت ماڈل ‘قلب’ لانچ کر دیا گیا ہے، جو دنیا کا سب سے بڑا اردو لارج لینگویج ماڈل ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان میں اردو زبان کا مصنوعی ذہانت ماڈل 'قلب' لانچ

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی طالبعلم تیمور حسن کی قیادت میں اردو زبان کا مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈل ‘قلب’ باضابطہ طور پر لانچ کر دیا گیا ہے، جو دنیا کا سب سے بڑا اردو لارج لینگویج ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ماڈل پاکستان کے ڈیجیٹل سفر میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔

‘قلب’ کو 1.97 ارب ٹوکنز پر تربیت دی گئی ہے اور سات سے زائد بین الاقوامی ایویلیوایشن فریم ورکس پر جانچا گیا ہے۔ ڈویلپرز کے مطابق یہ ماڈل حقیقی استعمال کے اہم پیمانوں پر موجود اردو اے آئی ماڈلز سے بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، جس سے نیچرل لینگویج پروسیسنگ کے لیے ایک نیا معیار قائم ہوا ہے۔

تیم لیڈر تیمور حسن امریکا میں زیرِ تعلیم ہیں اور اس سے قبل 13 اسٹارٹ اپس لانچ کر چکے ہیں۔ وہ مائیکروسافٹ کپ کے فاتح بھی رہ چکے ہیں اور فاسٹ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں بیچلرز مکمل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود چھوٹی ٹیمیں بھی ایسے ٹیکنالوجی حل تیار کر سکتی ہیں جو لاکھوں افراد کے لیے فائدہ مند ہوں۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں اردو بولنے والوں کی تعداد 23 کروڑ سے زائد ہے، اور ‘قلب’ اس طویل عرصے سے موجود تکنیکی خلا کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ماڈل مقامی کاروباروں، اسٹارٹ اپس، تعلیمی پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل سروسز اور وائس بیسڈ اے آئی ایجنٹس کے لیے جدید حل فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ماہرین اس منصوبے کو پاکستان میں اردو فرسٹ ڈیجیٹل تجربات کے فروغ اور خطے میں مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں، جو نئی نسل کے لیے ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید مواقع پیدا کر سکتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں