رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی، غذائی اجناس کی برآمدات میں 40.29 فیصد کمی ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملکی تجارت کو بڑا دھچکا لگا، جب بڑے شعبوں کی برآمدات میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق غذائی اجناس کی برآمدات میں 40.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات میں معمولی اضافہ ہوا۔ ششماہی میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 2 ارب 36 کروڑ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ تقریباً 4 ارب ڈالر تھا۔
چاول کی برآمدات میں 49.90 فیصد کمی آئی، سبزیوں کی برآمدات میں 36.80 فیصد کمی دیکھی گئی۔ مقامی خشک میوہ جات کی برآمدات میں 63.78 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، پلاسٹک کے سامان کی برآمدات میں 43.66 فیصد کمی ہوئی، جبکہ فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں 28.67 فیصد کمی ہوئی۔
ٹرانسپورٹ سامان کی برآمدات میں 36.51 فیصد کمی دیکھی گئی، صرف ٹیکسٹائل برآمدات میں معمولی اضافہ ہوا اور اس کا حجم ششماہی میں 9 ارب 16 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔















