ٹک ٹاک نے ‘پائن ڈراما’ ایپ کے ذریعے مختصر ڈراموں کی دنیا میں قدم رکھا، یہ ایپ مفت دستیاب ہے اور تیز رفتار دیکھنے کے تجربے پر مبنی ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹک ٹاک نے سوشل میڈیا سے ہٹ کر مختصر تفریحی مواد کے لیے نئی ایپ ‘پائن ڈراما’ متعارف کروا دی ہے۔ یہ ایپ ایک منٹ کی اقساط پر مشتمل مختصر ڈرامے پیش کرتی ہے جو تیز رفتار انداز میں دیکھنے کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔
پائن ڈراما فی الحال صارفین کے لیے مفت اور بغیر اشتہارات کے دستیاب ہے، مگر مستقبل میں اس میں مونیٹائزیشن کے امکانات موجود ہیں۔ ایپ میں موجود ڈسکور ٹیب سے صارفین ‘آل’ اور ‘ٹرینڈنگ’ ڈراموں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور عمودی اسکرولنگ کے ذریعے اقساط دیکھ سکتے ہیں۔
اس ایپ کے ذریعے ٹک ٹاک ریل شارٹ اور ڈراما باکس جیسے پلیٹ فارمز کو مقابلہ دے رہا ہے۔ مختصر ڈراموں کی مارکیٹ کا تخمینہ ہے کہ 2030 تک اس کا سالانہ ریونیو 26 بلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔















