کینیڈا کی تاریخ کی سب سے بڑی سونے کی ڈکیتی میں بھارتی شہری کا ملوث ہونا سامنے آیا ہے، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم بھارتی پنجاب میں موجود ہے۔
ٹورنٹو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کینیڈا کی تاریخ کی سب سے بڑی سونے کی ڈکیتی کے مقدمے میں پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کے بھارتی پنجاب میں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ واردات 17 اپریل 2023 کو ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر ہوئی، جہاں چوروں نے جعلی ایئر وے بل دکھا کر 400 کلوگرام سونا اور 25 لاکھ کینیڈین ڈالر مالیت کی غیر ملکی کرنسی چرا لی۔
پیل ریجنل پولیس نے ارسلان چوہدری نامی ملزم کو دبئی سے ٹورنٹو پہنچنے پر گرفتار کیا۔ اس پر 5 ہزار ڈالر سے زائد کی چوری، جرائم سے حاصل شدہ جائیداد رکھنے اور سنگین جرم کی سازش کے الزامات ہیں۔ تاہم، کوئی بڑی رقم یا سونا ابھی تک برآمد نہیں ہوا۔
کیس کی تحقیقات میں 10 افراد کی شناخت ہوچکی ہے، جن پر 21 سے زائد الزامات ہیں جبکہ دو ملزمان، سابق ایئر کینیڈا ملازم سِمرن پریت پنیسر اور پرساتھ پرملِنگم، مفرور ہیں۔ پولیس کے مطابق چوری شدہ سونے کا کچھ حصہ پگھلا دیا گیا یا ملک سے باہر منتقل ہو چکا ہے۔
اس کیس کی تحقیقات ‘آپریشن 24-کے’ کے تحت جاری ہیں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ واردات کینیڈا میں سونے کی چوریوں کی تاریخ میں سب سے بڑی اور سنسنی خیز ڈکیتی قرار دی جا رہی ہے۔














