جنید صفدر نے لاہور میں نکاح کر لیا، شادی کی تقریب میں اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی، ولیمہ 18 جنوری کو ہوگا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے لاہور کی نجی سوسائٹی میں نکاح کر لیا، حق مہر ایک لاکھ پچیس ہزار روپے طے ہوا۔
شادی کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، حسن نواز اور حسین نواز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ دلہے کی گاڑی میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف آگے بیٹھے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ، مریم اورنگزیب اور دیگر سیاسی شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ بارات کے شادی ہال پہنچنے پر شیخ روحیل اصغر نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
ولیمے کی تقریب 18 جنوری کو جاتی امرا میں ہوگی جس میں آٹھ سو سے زائد مہمان مدعو ہیں۔ جنید صفدر کی شادی کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہندی کی تقریب گزشتہ شب جاتی امرا میں منعقد ہوئی۔














