پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی ہے، جس کے باعث موٹر ویز کو آج بھی بند رکھا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے موٹر ویز کو آج بھی بند رکھا گیا ہے۔ موٹر ویز سینٹرل ریجن کے مطابق، ایم 2 لاہور تا کوٹ مومن، ایم 3 فیض پور سے درخانہ، اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح ایم 5 ملتان سے روہڑی اور ایم 11 پر لاہور سے سمبڑیال تک گاڑیوں کو انٹری نہیں دی جارہی ہے۔ قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، احمد پور شرقیہ میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے۔
میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ ترجمان موٹر ویز نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن کے اوقات میں سفر زیادہ محفوظ ہے۔














