پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار 0.12 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کئی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور کچھ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے 0.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح اب 3.20 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، حالیہ ہفتے میں 21 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق، آٹا 5.07 فیصد، چکن 2.86 فیصد، اور لہسن 2.44 فیصد مہنگا ہوا ہے۔
تیار چائے کی قیمت میں 0.73 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.58 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایل پی جی اور چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے میں آلو 3.73 فیصد اور پیاز 2.20 فیصد سستے ہوئے ہیں جبکہ دالیں، ٹماٹر اور انڈے کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔















