علی محمد خان نے پی ٹی آئی کو قائمہ کمیٹیوں میں واپس جانے اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ بات چیت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے اپنی جماعت کو قائمہ کمیٹیوں میں واپس جانے اور وفاق کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ بات چیت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
علی محمد خان نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں کہا کہ قائمہ کمیٹیوں میں شامل ہو کر پی ٹی آئی حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی سے درخواست کی کہ قائمہ کمیٹیوں سے نکلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کمیٹیاں حکومتی اقدامات پر چیک رکھتی ہیں، اگر پی ٹی آئی واپس جاتی ہے تو اس سے اس کا کردار مضبوط ہوگا۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے حوالے سے محمود خان اچکزئی کی نامزدگی مثبت قدم ہے اور یہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں، اور انہیں سیاسی فورمز پر ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔














