بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے کوشاں ہے اور وفاقی ذمہ داری کی سڑکیں سندھ حکومت نہیں بنا سکتی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے کوشاں ہے اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری کی سڑکیں سندھ حکومت نہیں بنا سکتی۔ ایوان صدر میں ‘سندھ کی تبدیلی کی کہانی’ پر بریفنگ دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے 2008ء سے 2025ء تک سندھ میں مختلف شعبوں میں کامیابیوں کا ذکر کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے صوبے کے چیلنجز کا مؤثر حکمت عملی کے ذریعے مقابلہ کیا ہے اور 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں الیکٹرک بسیں اور خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کروائی گئی ہے، جبکہ تھرپارکر کی ترقی کو پیپلز پارٹی کی کامیابی کا مظہر قرار دیا۔
صحت کے شعبے میں بلاول نے بتایا کہ بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے جناح ہسپتال کو عالمی معیار کا بنایا گیا ہے اور سندھ میں کینسر کا مہنگا ترین علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں بھی اقدامات کا ذکر کیا اور بتایا کہ سندھ میں 30 جامعات اور 18 کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے 21 لاکھ مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا اور توانائی کے شعبے میں ونڈ انرجی پروگرام کے تحت 1,845 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔














