اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب غلام حسین درزی نے کہا ہے کہ ایران کا کشیدگی یا تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، لیکن اگر جارحیت ہوئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی مندوب نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 12 روزہ جنگ کے ذریعے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی۔
غلام حسین درزی نے بتایا کہ ایران نے 8 اور 10 جنوری کو داعش طرز کی دہشت گردی کا سامنا کیا، سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھا چڑھا کر مداخلت کا بہانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کی کسی بھی دھمکی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔
ایرانی مندوب نے کہا کہ کسی بھی جارحانہ عمل کا جواب قانونی طور پر آرٹیکل 51 کے تحت دیا جائے گا، اور اس کے نتائج کی ذمہ داری غیر قانونی اقدام کرنے والوں پر ہوگی۔














