عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی نے احتجاج کیا اور جمہوریت کے ڈی ریل ہونے کے خلاف خبردار کیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں کسی بھی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ ترجمان بانی پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کے ڈی ریل ہونے کے خواہش مند نہیں ہیں، بلکہ ملک میں سب کا احتساب چاہتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج جیل میں ملاقات کا دن تھا جہاں فہرست میں شامل چھ رہنماؤں میں سے چار رہنما اڈیالہ جیل پہنچے لیکن کسی کو بھی عمران خان سے ملنے کی اجازت نہیں ملی۔ فہرست میں شامل دو رہنما جیل ہی نہیں آئے۔
نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود کسی پارٹی لیڈر کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ چار ہفتوں سے عمران خان سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی جبکہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بھی کسی کی ملاقات نہیں ہورہی ہے۔
نیاز اللہ نیازی نے مزید کہا کہ ہماری توہین عدالت کی درخواستیں عدالتوں میں زیر التوا ہیں اور وزیراعظم بھی کہتا ہے کہ ملاقات ہوگی یا نہیں، بتایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے جو بھی پوسٹ ہوگی، نیاز اللہ نیازی تحریر کریں گے۔ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں تاکہ عوامی حمایت کا صحیح اندازہ ہوسکے۔














