اسلام آباد کی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ایمان مزاری پیش نہ ہو سکیں جبکہ ہادی علی چٹھہ عدالت میں موجود تھے۔ ایمان مزاری کی جانب سے خود گواہ شہروز پر جرح کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، تاہم عدالت نے واضح کیا کہ جرح مکمل نہ ہونے کی صورت میں یہ حق ختم ہوجائے گا۔
سماعت کے دوران اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم گجر نے عدالت سے استدعا کی کہ پیر کی تاریخ دی جائے اور کوئی التوا نہیں مانگا جائے گا۔ عدالت نے پراسیکوشن کی مخالفت کے باوجود درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
وقفے کے بعد دونوں ملزمان کی عدم موجودگی کی بناء پر عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم جاری کیا اور کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔















