چینی نائب وزیر نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چینی نائب وزیر سن ہائی یان نے کہا ہے کہ چین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا اور اب دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔
چینی نائب وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے مزید شراکت داروں کو آن بورڈ لینا ہوگا۔ یہ مرحلہ پیچیدہ ہے لیکن ہم اسے کامیاب بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور لوگوں کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
سن ہائی یان نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان میں انڈسٹریل پارک، اسکولز اور دیگر پروجیکٹس پر کام کیا ہے۔ پاکستان میں 30 ہزار طلبہ چین میں اسکالرشپ پر ہیں جبکہ ہم 100 اسپتال بنا رہے ہیں اور 80 ہزار میڈیکل ڈیوائسز فراہم کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات میں بہت کچھ حاصل کیا گیا ہے، چین پاک دوستی کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں اور ہم پاکستان چین کے تعلقات کو بلند ترین سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔ چین کی گزشتہ 5 سال کی جی ڈی پی 5.5 فیصد سے زائد رہی، ہم نے لوگوں کو غربت سے نکالا اور ان کی آمدنی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔














