بگ بیش لیگ نے ڈیزگنیٹڈ بیٹر اور فیلڈر کا نیا قانون متعارف کرایا، جس سے کھیل کی حکمتِ عملی میں اضافہ ہوگا۔
سڈنی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ نے ایک نیا قانون متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس سے کھیل کی حکمتِ عملی اور دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔ اس قانون کے تحت ٹیموں کو ڈیزگنیٹڈ بیٹر اور ڈیزگنیٹڈ فیلڈر نامزد کرنے کا اختیار ہوگا۔
بگ بیش لیگ کے سربراہ الیسٹر ڈابسن نے کہا ہے کہ یہ قانون آئندہ سیزن سے نافذ ہوگا اور ہر ٹیم اپنی پلیئنگ الیون میں ایک کھلاڑی کو ڈیزگنیٹڈ بیٹر نامزد کر سکے گی۔
نئے قانون کے مطابق، ڈیزگنیٹڈ بیٹر کو عملی طور پر پلیئنگ الیون سے باہر رکھا جائے گا جبکہ اس کی جگہ ایک ڈیزگنیٹڈ فیلڈر شامل ہوگا جو وکٹ کیپر کی ذمہ داری انجام دے سکتا ہے مگر بیٹنگ یا بولنگ نہیں کرے گا۔
بی بی ایل حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ قانون لازمی نہیں ہوگا اور ٹیمیں اپنی منتخب الیون کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہیں۔ اس سے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو منظم کرنے اور پاور ہٹرز کے کیریئر کو طول دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
الیسٹر ڈابسن کا کہنا ہے کہ بگ بیش لیگ بنیادی ڈھانچے میں زیادہ تبدیلی سے گریز کرتی ہے، مگر اس قانون سے حکمتِ عملی اور تفریح میں اضافہ متوقع ہے۔ یہ قانون ویمنز بگ بیش لیگ میں نافذ نہیں ہوگا۔















