وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کیا، جس کا مقصد عوام کو سرکاری سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز کا قیام عوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری سہولیات فراہم کرنے کا مقصد رکھتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے آذربائیجان کے تعاون کو سراہا اور بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ماسٹر ٹرینرز کی خصوصی تربیت کا بھی ذکر کیا جو آذربائیجان سے حاصل کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے مرکز کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی۔
انہوں نے مستقبل میں مظفرآباد اور بلوچستان میں مزید ایسے مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا۔ گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی مزید مراکز کھولے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔














