لاہور سمیت پنجاب میں گندم کی قیمتیں 700 روپے بڑھ گئیں، مختلف شہروں میں فی من گندم کے نرخ 4,400 سے 4,800 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں 700 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ دس روز کے دوران فی من گندم کی قیمت 3,700 روپے سے بڑھ کر 4,400 روپے ہو گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں یہ ریٹ 4,800 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ لاہور میں گندم کا ریٹ فی من 4,450 روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ اور گجرات میں ریٹ 4,500 روپے جبکہ ملتان میں 4,450 روپے اور بہاولپور و ڈی جی خان میں 4,400 روپے تک پہنچ گیا۔ اسلام آباد میں بھی گندم کی قیمت 4,400 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں دس اور بیس کلو کے سستے آٹے کے تھیلے نایاب ہو گئے ہیں، تاہم ڈی ڈی فوڈ محکمہ خوراک نے کہا ہے کہ آٹے کی کوئی قلت نہیں اور مارکیٹ میں کافی مقدار موجود ہے۔
محکمہ کے مطابق 10 اور 20 کلو کے تھیلے دکانوں پر آسانی سے دستیاب ہیں۔ ذرائع کے مطابق 15 کلو آٹے کا تھیلا پہلے 1,500 روپے میں دستیاب تھا جو اب 1,750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مرکزی چیرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم مہنگی ہونے کی وجہ قلت کو قرار دیا ہے۔















