امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں ہلاکتوں کا سلسلہ رک گیا ہے اور سزائے موت پر عملدرآمد بھی روک دیا گیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایران سے متعلق ایک نئی رپورٹ موصول ہوئی ہے، جس کے مطابق ملک میں ہلاکتوں کا سلسلہ رک چکا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ایران میں قتل و غارت کا عمل بند ہو گیا ہے اور سزائے موت پر عملدرآمد بھی روک دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں جن پھانسیوں کی بات کی جا رہی تھی، اب وہ نہیں ہوں گی اور ایرانی حکام پھانسی دینے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ایران میں مظاہرین کی ہلاکتیں رکنے کے ان کے دعوے کے بعد کیا امریکا کی ممکنہ فوجی کارروائیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
اس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن اس مرحلے پر صورتحال کا جائزہ لے گا اور دیکھے گا کہ آگے کا عمل کس طرح آگے بڑھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا فوری طور پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر جلد ایسے افراد کی جانب سے ایک جامع اور مضبوط بیان سامنے آئے گا جو زمینی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران میں مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت پر غور کر سکتا ہے۔














