اسلام آباد میں ایم ٹیگ کی مہلت آج ختم، کل سے بغیر ٹیگ کے گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد میں گاڑیوں کے ایم ٹیگ کے حوالے سے مہم میں آج آخری دن ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ بغیر ایم ٹیگ گاڑیاں یکم جنوری سے اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکیں گی، تاہم ایم ٹیگ لگانے کی تاریخ 15 جنوری تک بڑھا دی گئی تھی۔
اسلام آباد میں 16 سینٹرز پر اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ایم ٹیگ فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 965 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے گئے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا ہے کہ ایم ٹیگ کی مہلت آج 15 جنوری کو ختم ہو جائے گی اور بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔
اسلام آباد کے 12 انٹری پوائنٹس پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے لیے ریڈرز نصب کیے گئے ہیں، شہریوں سے درخواست ہے کہ اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لازمی لگوا لیں۔














