شرمیلا فاروقی نے 15 برس کی عمر میں اداکاری کی، مگر تعلیم کی بنیاد پر آگے نہ بڑھایا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی معروف سیاست دان شرمیلا فاروقی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے محض 15 برس کی عمر میں ایک ڈرامے میں اداکاری کی تھی لیکن تعلیم کے پیش نظر اس شعبے کو آگے نہیں بڑھایا۔
فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا نے بتایا کہ اسکول کے زمانے میں شوقیہ طور پر اداکاری کا تجربہ کیا۔ ان کے والد کے تعلقات کی بنا پر انہیں پی ٹی وی پروڈیوسر حیدر امام رضوی کے ذریعے ایک نجی پروڈکشن میں موقع ملا۔
یہ ڈراما پاکستان کی ابتدائی نجی ٹی وی پروڈکشنز میں شمار ہوتا ہے، لیکن شوٹنگ کی وقت طلبی کی وجہ سے تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ اس لیے انہوں نے اداکاری کو چھوڑ کر تعلیم اور بعد ازاں سیاست کا انتخاب کیا۔
شرمیلا فاروقی نے عندیہ دیا کہ اگر مستقبل میں وقت اور حالات نے اجازت دی تو وہ کسی سماجی مسئلے پر مبنی مختصر ڈرامے یا تھیٹر پلے میں کام کرنا چاہیں گی۔
شرمیلا، خواتین کے حقوق کی حامی اور پیپلز پارٹی کی متحرک سیاست دان کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے 2015 میں ہاشم ریاض شیخ سے شادی کی اور ان کا ایک بیٹا ہے۔














