ترکیہ نے غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے، 18 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔
استنبول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ترک حکام نے رہائشی دستاویزات نہ ہونے پر 18 افغان شہریوں کو حراست میں لے کر ڈی پورٹیشن سینٹر منتقل کر دیا ہے۔
امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر کی جانے والی ان کارروائیوں میں گزشتہ برس بھی ترکیہ میں 42 ہزار سے زائد غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جن میں سے متعدد کو ملک بدر کیا گیا۔
ترکیہ کے علاوہ پاکستان، ایران، امریکا، برطانیہ اور کئی یورپی ممالک میں بھی غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ بعض ممالک نے افغان شہریوں کے لیے ویزہ پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔
کئی ممالک میں سکیورٹی خدشات اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کو ملک بدری کی بڑی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔ ایران نے بھی سرحدی علاقوں میں غیر قانونی دراندازی کی کوششوں کے تناظر میں سخت اقدامات کیے ہیں اور بڑی تعداد میں افراد کو واپس افغانستان بھیجا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق افغانستان کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے باعث خطے اور دیگر ممالک کو امیگریشن اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف ریاستیں اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کر رہی ہیں۔














