روس نے امریکا کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے خبردار کیا ہے، اندرونی معاملات میں مداخلت کو ناقابل قبول قرار دیا۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روس نے امریکا کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی سے خبردار کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے ایران کے داخلی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف حملے کی دھمکیاں قبول نہیں کی جائیں گی اور کسی بھی بیرونی مداخلت کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ایران کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
روسی حکام نے خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کے اقدامات کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں، اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکام سے تمام ملاقاتیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ایران میں جاری احتجاج میں شدت لائی جائے۔
واضح رہے کہ ایران میں حالیہ دنوں میں احتجاجی مظاہروں کے باعث خطے میں سیاسی اور سفارتی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔














