آئی سی سی نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لئے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا، زمبابوے اور نمیبیا میں ٹورنامنٹ ہوگا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لئے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں 17 امپائرز اور 4 میچ ریفریز فرائض انجام دیں گے، جو مقابلوں کی شفاف اور منصفانہ نگرانی کو یقینی بنائیں گے۔
اعلان کردہ میچ آفیشلز میں پاکستان کے فیصل آفریدی بھی شامل ہیں، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ فیصل آفریدی کی شمولیت کو پاکستانی کرکٹ کیلئے اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
سپر سکس مرحلے اور ناک آؤٹ مقابلوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ آئی سی سی حکام کے مطابق اگلے مرحلوں کے لیے آفیشلز کا انتخاب کارکردگی اور تجربے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
انڈر 19 ورلڈ کپ زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جہاں دنیا بھر سے نوجوان کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ دونوں میزبان ممالک میں ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی کے لیے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ میچ آفیشلز کی پیشہ ورانہ کارکردگی بھی ٹورنامنٹ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔















