پی ٹی آئی نے نیا میثاقِ جمہوریت تشکیل دینے کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو دعوت دی اور الیکشن کمیشن کی تشکیلِ نو کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے نیا میثاقِ جمہوریت تشکیل دینے کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو دعوت دی ہے اور الیکشن کمیشن کی تشکیلِ نو کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں سیاسی بنیادوں پر مقدمات کے خاتمے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں پنجاب حکومت کی جانب سے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور سندھ حکومت کی رکاوٹوں کی مذمت کی گئی۔ مزید مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی ایسی تشکیلِ نو کی جائے جس پر تمام فریقین متفق ہوں اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے امن جرگے کے اعلامیے کی منظوری اور اس پر عملدرآمد کی یقین دہانی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔














