وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا انگریزی استعمال پر تنقید کی زد میں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو انگریزی زبان کے استعمال پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے، تضاد کا الزام عائد کیا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا انگریزی استعمال پر تنقید کی زد میں

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو انگریزی زبان کے استعمال پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ حال ہی میں پشاور میں ایک جامعہ کی تقریب کے دوران انگریزی زبان کے استعمال پر تنقید کرنے والے وزیراعلیٰ نے کراچی میں انگریزی زبان میں تاثرات لکھے، جس پر صارفین نے تضاد کا الزام عائد کیا۔

کراچی کے دورے کے دوران مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات انگریزی میں لکھے، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ اس پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ اگر انگریزی زبان خود وزیر اعلیٰ کے لیے قابل قبول ہے تو دوسروں پر تنقید دوہرے معیار کے مترادف ہے۔

سوشل میڈیا پر اس معاملے کو قول و فعل میں تضاد اور مصنوعی قومی بیانیہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جبکہ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ قومی زبان کے فروغ کے لیے محض بیانات کافی نہیں بلکہ عملی مثال پیش کرنا بھی ضروری ہے۔

چند روز قبل پشاور میں شہید بینظیر بھٹو ویمنز یونیورسٹی کے کانووکیشن میں وزیر اعلیٰ نے وائس چانسلر کی انگریزی تقریر پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اردو کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے صوبے کی تمام جامعات میں اردو زبان میں تقاریب کی ہدایت دی تھی۔

دیگر متعلقہ خبریں