پاکستان اور یو اے ای کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس معاہدے پر اتفاق ہوا، جس سے مسافروں کو امیگریشن کی طویل کارروائی سے بچنے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کے معاہدے پر اتفاق کیا گیا ہے، جس کا مقصد مسافروں کے لیے امیگریشن عمل کو آسان بنانا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں یو اے ای وفد سے ملاقات کی، جہاں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی نے وفد کی قیادت کی۔ دونوں ممالک نے امیگریشن کلیئرنس کی سہولت فراہم کرنے والے نئے نظام پر بات چیت کی۔
پائلٹ بنیادوں پر اس نظام کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا، جس کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور کلیئرنس پاکستان ہی میں مکمل کی جائے گی، تاکہ یو اے ای پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی سے بچا جا سکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس اقدام سے سفر میں سہولت، وقت کی بچت اور مسافروں کے تجربے میں بہتری آئے گی۔ یو اے ای وفد نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو مرحلہ وار مزید مقامات تک توسیع دی جائے گی۔ ملاقات میں یو اے ای اور پاکستان کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔














