مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں کاروں کی فروخت میں 46 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جولائی تا دسمبر فروخت 88,322 یونٹس پہنچی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں کاروں، لائٹ کمرشل گاڑیوں، پک اپس اور وینز کی فروخت میں 46 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ جولائی سے دسمبر کے دوران فروخت 88,322 یونٹس رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 60,675 یونٹس تھی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سالانہ بنیاد پر اضافہ نئی کمپنیوں کی آمد، شرح سود میں کمی، اور معاشی ماحول کی بہتری کی وجہ سے ہوا۔ ہونڈا ایٹلس کارز کی فروخت میں 75 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ انڈس موٹر کمپنی کی فروخت 64 فیصد بڑھی۔
ہیونڈائی نشاط موٹرز نے ششماہی میں 6,716 یونٹس بیچے، جو 58 فیصد زیادہ ہیں۔ سازگار انجینئرنگ ورکس کی ششماہی فروخت 7,210 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ پاک سوزوکی کی فروخت 40,380 یونٹس رہی۔
دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی ششماہی فروخت 923,759 یونٹس رہی، جبکہ ٹریکٹرز کی فروخت میں دسمبر کے دوران 52 فیصد سالانہ کمی ہوئی۔ آٹو سیکٹر کے ماہر مشہود علی خان کے مطابق حکومتی اقدامات کے باعث مثبت نتائج سامنے آئے۔















