ایران میں احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے فیکٹ شیٹ جاری کر دی

اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے حالیہ احتجاج پر تفصیلی وضاحت جاری کی، غیر ملکی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران میں احتجاج پر ایرانی سفارتخانے کی وضاحت اور تشویش

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا اور بعض دیگر ممالک کی جانب سے ایران کے داخلی معاملات میں بڑھتی ہوئی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک فیکٹ شیٹ میں کہی گئی، جو ایران میں حالیہ احتجاج سے متعلق جاری کی گئی ہے۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق 28 دسمبر 2025 کو تہران بازار میں بعض تاجروں نے زرِ مبادلہ کی شرح میں اضافے پر معاشی خدشات کے باعث احتجاج کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران کا آئین شہریوں کو پرامن احتجاج اور اظہارِ رائے کی مکمل اجازت دیتا ہے اور ریاست ان حقوق کے تحفظ کی پابند ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ حکومت نے پرامن مظاہرین کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا اور دستیاب وسائل کے ذریعے ان مسائل کے حل کی کوشش کی، تاہم ریاست پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی سلامتی، جان و مال اور قومی نظم و نسق کا تحفظ کرے۔

ایرانی حکام کے مطابق احتجاج کے دوران محدود عناصر کی جانب سے تشدد، آتش گیر مواد کے استعمال، پولیس پر حملوں اور سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پیش آئے، جنہیں قانون کے تحت سنگین جرائم قرار دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کو اکثریتی عوام کے مطالبات سے جوڑنا درست نہیں۔

فیکٹ شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے پرتشدد واقعات نے پرامن احتجاج کی نوعیت کو متاثر کیا اور عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔ ایرانی سپریم لیڈر نے 3 جنوری 2026 کو اپنے خطاب میں ان عناصر کی نشاندہی کی جو تشدد کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اعلامیے میں امریکا اور بعض دیگر ممالک کے حکام کے بیانات کو اقوام متحدہ کے چارٹر، خودمختاری اور عدم مداخلت کے اصولوں کے منافی قرار دیا گیا۔ فیکٹ شیٹ کے مطابق یکطرفہ اقتصادی پابندیوں نے ایرانی عوام کی معاشی صورتحال، تجارت اور بنیادی سہولیات تک رسائی پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں