کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کے توشہ خانہ ریکارڈ میں قیمتی تحائف کی فہرست جاری کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کر دیا ہے جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت کئی اہم شخصیات کو قیمتی تحائف موصول ہوئے۔ تمام وصول کنندگان نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق موصولہ تحائف میں خانہ کعبہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، کارپٹ، ٹی سیٹ، تلوار، خنجر، گھڑیاں اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے وصول شدہ تحائف کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ تحائف دینے والوں کے نام کی فہرست شامل نہیں کی گئی۔














