امارات این بی ڈی نے واٹس ایپ کال کے ذریعے ممکنہ سائبر حملے کی وارننگ جاری کی ہے، جس میں ہیکرز وائس کال سے فون ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امارات این بی ڈی بینک نے واٹس ایپ کال کے ذریعے ممکنہ سائبر حملے کی وارننگ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز وائس کال کے ذریعے اسمارٹ فونز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ میں موجود زیرو ڈے خامی کو استعمال کرتے ہوئے ہیکرز بغیر کسی لنک کے وائس کال سے فون ہیک کر سکتے ہیں۔ یہ حملے متحدہ عرب امارات میں تعطیلات کے دوران بڑھنے والی پیغامات کی تعداد کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔
یو اے ای سائبر سیکیورٹی کونسل نے بتایا کہ یہ حملے صارفین کی ذاتی تصاویر، نجی گفتگو اور بینک اکاؤنٹس کے حساس ڈیٹا تک رسائی فراہم کر سکتے ہیں۔
بینک نے صارفین کو واٹس ایپ اور موبائل فون کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے اور واٹس ایپ میں ٹو اسٹیپ ویریفیکیشن فعال کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صارفین کو نامعلوم نمبرز سے آنے والی کالز سے محتاط رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے زور دیا ہے کہ واٹس ایپ کی کسی بھی کمزوری سے دنیا بھر کے صارفین متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے نامعلوم کالز اور لنکس پر اعتماد نہ کریں۔















