وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا اور دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کی ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا، پکڑے گئے اور مارے گئے دہشت گردوں کا اسلام سے دور تک کوئی تعلق نہیں۔
قومی پیغام امن کمیٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کے لیے علمائے کرام کا اہم کردار ہے اور دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور ملک نہیں ہوتا۔ پیغام امن کمیٹی اس نظریئے کو آگے لے کر چلے گی کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ امن کا فروغ چاہتے ہیں اور علماء کرام نے ہر دور میں ملک کی خدمت کی ہے۔ قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد امن کے پیغام کو پھیلانا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور یہ پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ پشاور کے دورہ کے موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام سے بات چیت ہوگی۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، اور یہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ امن کے پیغام کو عام کریں گے۔














