پاکستان تحریک انصاف کے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ قوم نے محکومیت قبول نہ کی تو جبر ختم ہوگا۔ معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ جس دن قوم نے محکومیت کی زندگی قبول نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، یہ جبر خود بخود ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کارکردگی عوام کے معیار زندگی میں تیزی سے گراوٹ کی عکاسی کرتی ہے۔
سلمان اکرم راجا کے ہمراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے معاشی ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ سرکاری سروے کے مطابق 80 فیصد عوام کا طرز زندگی خراب ہوا ہے اور مہنگائی کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تین کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہونے کے باعث امریکا اور مڈل ایسٹ سے سرمایہ کاری نہیں آ رہی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی بدحالی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت بہتر کرنے کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کو اصولی طور پر سپورٹ کرتے ہیں لیکن اس عمل میں شفافیت اور ورکرز کے حقوق پر سنگین سوالات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک عملی طور پر ایک جیل کی صورت اختیار کر گیا ہے اور عوام کے حقوق و آزادی کے لیے جدوجہد ناگزیر ہے۔














