اسلام آباد میں 29 ہزار سے زائد درخت کاٹے گئے، سینیٹر مشتاق احمد خان نے حکومتی کرپشن اور درختوں کی کٹائی پر تشویش ظاہر کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینیٹر مشتاق احمد خان نے پریس کلب کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 29 ہزار سے زائد درخت کاٹے جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد درختوں کی کٹائی کی رپورٹ ہی نہیں کی گئی۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے درختوں کی بے دریغ کٹائی کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائی ایل ایس پی اس کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میگا پراجیکٹس اور انڈر پاسز کے نام پر حکومتی کرپشن کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسلام آباد کی تباہی کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ان چند دارالحکومتوں میں شامل ہو چکا ہے جہاں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ گیا ہے اور میگا پراجیکٹس کے نام پر غریبوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔














