پشاور میں 9 مئی کے واقعات کی فرانزک رپورٹ میں سہیل آفریدی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور میں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز کے فرانزک تجزیے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے پشاور پولیس کی درخواست پر ویڈیوز اور آڈیو ویژول مواد کا تجزیہ کیا۔ یہ رپورٹ تھانہ شرقی پشاور کی جانب سے بھجوائی گئی یو ایس بی کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔
فرانزک رپورٹ کے مطابق 16 ویڈیوز کا فریم بہ فریم جائزہ لیا گیا، جن میں بعض ویڈیوز میں لوگو اور ٹیکسٹ کے اضافے کی نشاندہی ہوئی جبکہ دو ویڈیوز میں کلپس جوڑنے کے شواہد ملے۔
سہیل آفریدی، عرفان سلیم، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کی ویڈیوز میں موجودگی کی تصدیق ہوئی، جن کی پروفائل تصاویر ویڈیوز میں موجود افراد سے ملتی ہیں۔
یہ رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت کی ہدایت پر تیار کی گئی، جس نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پولیس سے ویڈیوز کے تجزیے سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔















