مریم نواز نے پنجاب میں نئے اسپتالوں کی جلد تکمیل کا حکم دیا اور لاہور کے اسپتالوں کو اسی ماہ کھولنے کی ہدایت کی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں نئے اسپتالوں کی جلد تکمیل کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے نوازشریف کینسر اسپتال، سرگودھا میں نواز شریف کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ سمیت دیگر کی تکمیل کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کر دی ہے۔ مریم نواز نے لاہور میں نوازشریف کینسر اور جناح کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو اسی ماہ کھولنے کی ہدایت دی ہے۔ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ مریضوں کے لئے ویٹنگ ایریا، مسجد اور ڈاکٹرز کی رہائشگاہیں بھی تیار کر لی گئی ہیں۔
پاکستان کے پہلے نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا اسی ماہ آغاز ہوگا۔ سینٹر میں ڈاکٹرز اور پروفیشنل سٹاف کی بھرتیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لیڈی ولنگڈن اسپتال کی تعمیر نو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں پاکستان بھر سے آنے والے ہر کینسر مریض کا علاج ہوگا۔














