خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کراچی میں مزار قائد پر جلسے کا اعلان کیا، جبکہ پی ٹی آئی نے سندھ پولیس پر باغ جناح میں چھاپے کا الزام عائد کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اتوار کو کراچی میں مزار قائد کے باہر جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سندھ پولیس پر باغ جناح میں چھاپا مارنے اور پارٹی کارکنوں پر تشدد کے الزام کے بعد سامنے آیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حیدرآباد سے کراچی واپسی کے دوران راستے بند ہونے کا بھی ذکر کیا۔حیدرآباد سے کراچی آنے میں ہمیں ساڑھے 7 گھنٹے لگے،ہمیں جان بوجھ کرکے سنسان سڑکوں پر دھکیلا گیا،یہ لوگ اقتدار کے نشے میں پاگل ہوچکے ہیں،یہاں کے عوام عمران خان زندہ باد کے نعرہ لگا رہےہیں۔
وہ تین روزہ سندھ کے دورے پر ہیں، جس کا آغاز جمعہ کو کراچی سے ہوا تھا۔ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ان کا جلسہ دوپہر 2 بجے مزار قائد پر ہوگا۔
پی ٹی آئی کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت کراچی میں عوامی قوت دیکھ کر خوف زدہ ہے، جبکہ سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے سڑکوں پر عوامی اجتماع پر سخت کارروائی کی وارننگ دی۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے پولیس کے چھاپے اور کارکنوں کی گرفتاری کا الزام عائد کیا۔
واضح رہے کہ ان الزامات پر سندھ پولیس یا صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ شہر میں سیاسی سرگرمیوں کے باعث سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔














