امریکا نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے۔ یہ کارروائی ‘آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک’ کا حصہ ہے۔
شام: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق اتحادی افواج کے ساتھ مل کر ان حملوں کو ‘آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک’ کے تحت انجام دیا گیا، جو 19 دسمبر 2025 کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر شروع ہوا تھا۔
یہ آپریشن شام کے شہر پالمیرا میں 13 دسمبر کو امریکی اور شامی افواج پر داعش کے حملے کے ردعمل میں شروع کیا گیا تھا، جس میں 2 امریکی فوجی اور ایک مترجم ہلاک ہوئے تھے۔
امریکی حکام نے کہا کہ حملوں کا مقصد داعش کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنا، مستقبل کے حملوں کو روکنا اور خطے میں امریکی و اتحادی افواج کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ سینٹکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی فوجیوں کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار عناصر کو تلاش کر کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔














