پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران موبائل فون پر پابندی

حکومت پنجاب نے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگا دی، مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہونے پر یہ اقدام اٹھایا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران موبائل فون پر پابندی

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت پنجاب نے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بی پی ایس 18 سے کم گریڈ کے تمام ملازمین کے لیے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنا ممنوع ہوگا، خصوصاً مریضوں کے علاج اور سروس ڈیلیوری سے متعلق شعبوں میں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہونے پر اس فیصلے کی ضرورت پیش آئی۔

پابندی کا اطلاق وارڈز، آئی سی یو، نوزائیدہ بچوں کے آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز میں ہوگا، جہاں کسی بھی قسم کی ریکارڈنگ پر بھی سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم صرف انتظامی نوعیت کی ذمہ داریاں انجام دینے والے افسران کو سرکاری امور کے لیے محدود اجازت دی گئی ہے۔

ادویات کی چوری کی روک تھام کے لیے اسپتالوں میں نگرانی کے اقدامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔ فارمیسی اسٹورز اور ڈسپنسنگ کاؤنٹرز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ فارمیسی عملے کو باڈی کیمرے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسٹاک کی وصولی، اجرا اور ریکنسلی ایشن کے دوران باڈی کیمرے لازمی پہننا ہوں گے۔ فارمیسی ایریاز اور اسپتالوں کے اندرونی و بیرونی داخلی راستوں پر تعینات سیکیورٹی گارڈز بھی باڈی کیمرے استعمال کریں گے۔

تمام سی سی ٹی وی اور باڈی کیمرہ فوٹیج کم از کم 30 دن تک محفوظ رکھی جائے گی، جس کی نگرانی ایک مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے کی جائے گی۔ کنٹرول روم صرف مجاز انتظامی اور سیکیورٹی افسران کی نگرانی میں کام کرے گا۔

واضح رہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو نگرانی کے آلات کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ چیف فارماسسٹ اور چیف سیکیورٹی افسران کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں