قومی سلامتی ریڈ لائن، ایرانی فوج کا بدامنی کے خلاف سخت پیغام

ایرانی فوج نے قومی مفادات کے تحفظ کا عزم کیا ہے اور اسرائیل پر امن و امان خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایرانی فوج کا قومی مفادات کے تحفظ کا عزم

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی فوج نے آج ایک بیان میں ملک کے قومی مفادات، سٹریٹجک انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔ فوج نے اسرائیل پر ملک میں امن و امان خراب کرنے کی سازش کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ دشمن جھوٹے دعوے کے تحت فتنے کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی حکام بشمول آیت اللہ خامنہ ای نے عوامی املاک کی تباہی کے خلاف خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت توڑ پھوڑ اور فساد کرنے والوں کے سامنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ وہ قومی مفادات، اسٹریٹجک تنصیبات اور عوامی املاک کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں پر ایرانی قیادت کو نئی وارننگ جاری کی ہے۔

نیم سرکاری ایرانی میڈیا پر شائع ہونے والے بیان میں فوج نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل اور ’’دشمن دہشت گرد گروہ‘‘ ایران کے اندر عوامی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق مسلح افواج، سپریم کمانڈر کی قیادت میں، خطے میں دشمن کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے قومی سلامتی کا دفاع جاری رکھیں گی۔

ایران کی ایلیٹ فورس اسلامک ریولیوشنری گارڈ کور نے بھی کہا ہے کہ 1979 کے انقلاب کی کامیابیوں اور ملک کی سلامتی کا تحفظ ’’ریڈ لائن‘‘ ہے۔ سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ ان حدود کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران میں گزشتہ کئی برسوں کے دوران سب سے بڑے مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین مہنگائی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ دسمبر کے اواخر سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ البرز کے شہر کرج میں ’’فسادی عناصر‘‘ نے ایک بلدیاتی عمارت کو آگ لگا دی۔ اسی دوران ایرانی اٹارنی جنرل محمد موحدی آزاد نے خبردار کیا ہے کہ احتجاج میں حصہ لینے والوں کو ’’دشمنِ خدا‘‘ تصور کیا جا سکتا ہے، جو سزائے موت کے قانون کے تحت آتا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق کم از کم 100 مسلح مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ پریس ٹی وی نے ان سیکیورٹی اہلکاروں کی تدفین کی فوٹیج نشر کی ہے جو شیراز، قم اور ہمدان میں مظاہروں کے دوران ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب امریکہ نے مظاہرین کی حمایت جاری رکھتے ہوئے ایرانی حکومت پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ امریکہ ایران کے ’’بہادر عوام‘‘ کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایرانی حکومت نے پُرامن مظاہرین کے خلاف فائرنگ کی تو امریکہ بھی سخت ردعمل دے گا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مظاہرین کو ’’تخریب کار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے صدر کے ہاتھ ہزاروں ایرانیوں کے خون سے آلودہ ہیں اور وہ بھی ماضی کے طاغوتی حکمرانوں کی طرح انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان کے دورے کے دوران امریکہ اور اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ پُرامن مظاہروں کو تشدد میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم امریکی وزارت خارجہ نے ان الزامات کو ’’توہم آمیز‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں