لاہور میں 35 ہزار سے زائد افراد نے چوری شدہ موبائل فونز خریدے، پولیس نے ریکارڈ مرتب کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں سات سال کے دوران 35 ہزار سے زائد افراد چوری یا واردات میں چھینا گیا موبائل فون استعمال کرتے رہے ہیں۔ پولیس کے موبائل ٹریکنگ یونٹ نے ریکارڈ مرتب کیا ہے جس کے مطابق 2018 سے 2025 تک چوری یا چھینے گئے 35 ہزار سے زائد موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں، جن کی مالیت 8 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
گزشتہ برس ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے 6 ہزار سے زائد چوری شدہ موبائل فونز برآمد کیے گئے، جبکہ 80 فیصد موبائل فونز صارفین نے بغیر تصدیق کے خریدے اور استعمال کیے۔ پولیس حکام کے مطابق 60 فیصد کیسز میں آن لائن موبائل خریدنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام نے موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز کی آن لائن خرید و فروخت کرنے والی ویب سائٹس اور غیر رجسٹرڈ ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی حکمت عملی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور کے بڑے تجارتی مراکز کو ای گیجٹ ایپ سے تصدیق کیے بغیر موبائل کی خرید و فروخت نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔















