سیالکوٹ پی ایس ایل ٹیم کے مالک حمزہ مجید نے کپتان کے پاکستانی ہونے اور اسٹیڈیم کی بہتری کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز سیالکوٹ کے مالک حمزہ مجید نے ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے اہم اعلانات کیے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سیالکوٹ کی ٹیم کے کپتان پاکستانی ہوں گے اور کوچز کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔
حمزہ مجید نے بتایا کہ سیالکوٹ کا انتخاب کرکٹ کی محبت کی وجہ سے کیا گیا ہے اور سیالکوٹ کے کرکٹ اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کا اسٹیڈیم عارضی طور پر ان کا ہوم گراؤنڈ ہوگا اور سیالکوٹ اسٹیڈیم کو بہتر کرنے کے لیے محسن نقوی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
حمزہ مجید نے کہا کہ سیالکوٹ کے بچوں کو پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور ان کی خواہش ہے کہ بابر اعظم کو ٹیم کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ چھ سے سات آسٹریلین کرکٹرز بھی ڈرافٹنگ کے لیے رجسٹرڈ ہیں، امید ہے تین سے چار ہماری ٹیم میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کا عمل اس ماہ کے آخر تک مکمل ہوگا اور ٹیم کے بقیہ نام کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔















